عدالت عالیہ کے حکم کے بعد ضلعی انتظامیہ نے اسحاق ڈار کے گھر میں قائم پناہ گاہ ختم کر کے سامنے پارک میں کنٹینرز رکھ کر وہاں عارضی پناہ گاہ قائم کر دی۔
لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے عدالت عالیہ کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گلبرگ میں واقع گھر پناہ گاہ ختم کر کے وہاں سے سارا سامان نکال لیا، ضلعی انتظامیہ نے بدھ کے روز اسحاق ڈار کے گھر کے سامنے واقع وسیع و عریض پارک کے ایک کونے میں دو کنٹینرز کھڑے کر کے اس میں عارضی پناہ گاہ قائم کر دی، دو کنٹینروں میں قائم پناہ گاہ میں سولہ خواتین و حضرات کے رہنے کا بندوبست کیا گیا ہے۔
عارضی پناہ گاہ میں مردوں اور خواتین کیلیے الگ الگ انتظام کیا گیا ہے جبکہ عارضی ٹوائلٹ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ، پناہ گاہ میں رہائش پذیر افراد نے ضلعی انتظامیہ کے اقدام کو سراہا جبکہ زیادہ تر مقامی افراد نے پارک کے اندر پناہ گاہ قائم کرنے کے ضلعی انتظامیہ کے فیصلے پر تحفظات اور کچھ افراد نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کیا۔
ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے گھر کے سامنے پارک میں پناہ گاہ عارضی طور پر قائم کی گئی ہے جسے دس سے پندرہ دنوں میں یہاں سے کسی اور جگہ منتقل کر دیا جائیگا
