122

آسیہ مسیح کے وکیل سیف الملوک بیرون ملک روانہ

توہین رسالت کیس میں بری ہونے والی آسیہ مسیح کے وکیل سیف الملوک جان کو لاحق خطرات کی وجہ سے بیرون ملک روانہ ہوگئے۔
سپریم کورٹ نے بدھ کو توہین رسالت کیس میں شک کا فائدہ دے کر آسیہ بی بی کو بری کردیا ہے۔ آسیہ کی رہائی کے خلاف ملک میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور احتجاج کا سلسلہ تین روز تک جاری رہا۔
مظاہرین نے آسیہ کو رہا کرنے والے ججوں اور وکلا کو قتل کرنے کے نعرے لگائے۔ جمعے کی شب حکومت اور مظاہرین کی قیادت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاج اور دھرنے ختم کردیے گئے ہیں۔
62 سالہ سیف الملوک ہفتے کی صبح یورپ روانہ ہوگئے ہیں۔ روانگی سے قبل اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے سیف الملوک نے کہا کہ میرے لیے موجودہ حالات میں پاکستان میں رہنا ممکن نہیں رہا، آسیہ بی بی کے لیے مزید قانون جنگ لڑنے کے لیے مجھے زندہ رہنے کی ضرورت ہے۔
ایک سوال کے جواب میں سیف الملوک نہ کہا کہ آسیہ کی بریت کے خلاف ہونے والا احتجاج غیر متوقع نہیں، تاہم حکومتی رویہ افسوس ناک ہے جو ملک کی اعلیٰ ترین عدالت کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کراسکتی۔
حکومت اور مظاہرین کے درمیان 5 نکاتی معاہدے میں آسیہ کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی شرط بھی شامل ہے تاکہ وہ بیرون ملک نہ جاسکے۔ اس حوالے سے سیف الملوک نے کہا کہ رہائی کے خلاف نظر ثانی درخواست کا فیصلہ آنے تک آسیہ کی زندگی جیل سے باہر بھی قید جیسی ہوگی کیونکہ سیکورٹی وجوہات کی وجہ سے اس کی نقل و حرکت پر پابندی ہے۔
تحریک لبیک پاکستان 2015 میں قائم ہوئی اور پاکستان کے منظر نامے میں تیزی سے ابھر کر سامنے آئی ہے۔ 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں اس نے 22 لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ووٹ حاصل کیے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں