79

بزدار نے مہنگائی کیخلاف اہم اقدامات کی منظوری دیدی

وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے مہنگائی کیخلاف اہم اقدامات کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوامی توقعات پر پورا اترے گی، مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی ایکشن ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مہنگائی کے سدباب کیلئے اہم اقدامات کی منظوری دی گئی اور فلور ملز کو گندم کا اجرا بڑھا نے کا فیصلہ کیا گیا۔ فلور ملز کو روزانہ مزید2ہزار میٹرک ٹن گندم دی جائے گی ۔ پنجاب میں اس وقت 17 ہزار میٹرک ٹن گندم روزانہ فلور ملز کو فراہم کی جارہی ہے ، جسے بتدریج21ہزار میٹرک ٹن روزانہ تک بڑھایا جائے گا ۔ پنجاب بھر میں قیمتوں اور آٹے کی فراہمی کے حوالے سے معائنہ کمیٹیاں بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیاہے ، متعلقہ وزرا، سیکرٹریز اورضلعی آفیسرز کمیٹیوں میں شامل ہوں گے ، مہنگائی کے خلاف ٹائیگر فورس کے کردار کا بھی تعین کردیا گیا،ٹائیگر فورس مہنگائی کے خلاف تھرڈ پارٹی کے طور پر کام کرے گی اور براہ راست ایکشن نہیں لے گی بلکہ ایپ کے ذریعے حکومت کو فیڈ بیک دے گی، حکومت پنجاب نے فیصلہ کیاہے کہ کسی بھی قسم کی کرپشن کے خلاف زیر و ٹالرنس ہوگی، غفلت اور کرپشن میں ملوث آفیسرز اوردیگر افراد کو قرارواقعی سزا دی جائے گی۔ اشیائے خور ونوش کی ریٹ لسٹیں آویزاں کرنے کو یقینی بنایا جائے گا ، سرکاری ریٹ لسٹ کی خلاف ورزی والے علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنرز کو عہدے سے ہٹا دیاجائے گا۔ پنجاب میں گنے کے کرشنگ سیزن کا آغاز دس نومبر سے ہوگا، جن بنیاد ی اشیائے ضروریہ کی کمی ہے ان کو وفاقی حکومت کو درآمد کرنے کی سفارش کی جائے گی،دریں اثنا وزیر اعلیٰ پنجاب سے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین ملک امجدعلی نون نے ملاقات کی،جس میں ایل ڈبلیو ایم سی کے امور،کارکردگی اور صفائی کے انتظامات پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے لاہور میں صفائی کی صورتحال میں بہتری لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متوسط اور پسماندہ آبادیوں میں صفائی پر خصوصی توجہ دی جائے ،شہر کے تمام علاقوں کو صاف دیکھنا چاہتا ہوں، صفائی کے انتظامات بہتر بنانے کیلئے حکومت پورا تعاون کرے گی،جلد شہر کا دورہ کر کے صفائی کی صورتحال کا جائزہ لوں گا، گندگی پر متعلقہ علاقے کے عملے کے خلاف کارروائی ہو گی، ادھر دیہی خواتین کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں سردار عثمان بزدار نے اپنے پیغام میں کہا دیہات میں بسنے والی خواتین قانونی، معاشی و معاشرتی سہولتوں سے محروم نہیں رہیں گی، اس کے علاوہ وزیراعلیٰ سے چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق نے ملاقات کی اور پنجاب کے سرکاری افسران اورملازمین کی جانب سے کورونا کنٹرول فنڈ کیلئے چیک پیش کیا ، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کورونا کی دوسری لہر کوروکنے کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد بے حد ضروری ہے ، سماجی فاصلے برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل کرنے میں ہی تحفظ اور حفاظت ہے ،عوام سے پھر اپیل ہے کہ وہ پرہجوم مقامات پرجانے سے گریز کریں اورحکومتی ہدایات پر من وعن عمل کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں