179

بنگلادیش کا دورہ پاکستان بھی خطرے میں پڑگیا

کورونا وائرس کی وجہ سے بنگلادیش کا دورئہ پاکستان بھی خطرے میں پڑگیا۔
بنگلادیشی ٹیم کو دورہ پاکستان کے تیسرے مرحلے میں 29 مارچ کو کراچی پہنچنا ہے، جہاں یکم اپریل کو واحد ون ڈے شیڈول ہے جبکہ ٹیسٹ میچ 5 اپریل سے شروع ہوگا، مگر کورونا وائرس نے اس ٹور کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بنگلادیش خود اپنے ملک میں ورلڈ اور ایشیا الیون کے درمیان شیڈول 2 ٹوئنٹی 20 میچز اور اس سے قبل خصوصی کنسرٹ کو کورونا وائرس کی وجہ سے ہی ملتوی کرچکا ہے۔
بی سی بی کے صدر نظم الحسن نے کہاکہ ہم صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، پاکستان کے دورے کا جلد ہی جائزہ لیں گے، ہم قدم درقدم آگے بڑھیں گے اور اس معاملے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب کراچی میں کورونا وائرس کیسزکی وجہ سے پی سی بی سندھ حکومت سے بنگلادیشی ٹیم کے ٹور پر بھی رابطے میں ہے۔ پی ایس ایل میچز کے بعد اس معاملے کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق شہر قائد میں شیڈول آئندہ میچز کے سلسلے میں 17مارچ کے بعدکسی بھی وقت باقاعدہ اجلاس متوقع ہے، جس میں پاکستان ون ڈے کپ اور بنگلادیش کے ساتھ ایک ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کی میزبانی برقرار رکھنے، منسوخ کرنے یا کسی اور شہر منتقل کرنے کے حوالے سے مشاورت ہوگی۔
واضح رہے کہ پاکستان ون ڈے کپ کے راؤنڈ میچز 25 مارچ سے 2 اپریل تک کراچی میں طے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں