بھارتی حکومت نے وزیراعظم عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور بھارتی ہم منصب سشما سوراج کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں اہم ملاقات ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے آج بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو خط لکھ کر مذاکرات کی پیش کش کی تھی۔ بھارتی حکومت نے دعوت قبول کرتے ہوئے دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ہونے والی ملاقات کی تصدیق کردی ہے۔ بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات پاکستانی وزیراعظم کی درخواست پر کی گئی ہے جس کے لیے انہوں نے بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کو خط لکھا تھا۔ بھارتی وزرات خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے مزید کہا کہ فی الحال ملاقات کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ ملاقات کے ایجنڈے سے متعلق بھی جلد میڈیا کو آگاہ کردیا جائے گا تاہم اس ملاقات کو بھارتی پالیسیوں کی تبدیلی سے تعبیر نہ کیا جائے۔
