تحریک انصاف کے صوبائی وزیر پنجاب برائے جیل خانہ جات زوار حسین وڑائچ نے رات 3 بجے کوٹ لکھپت جیل کے اچانک دورے میں جیل قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں کیں۔ سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل لاہور نے صوبائی وزیر جیل خانہ جات رواز حسین وڑائچ کے اچانک دورے کے بارے میں شکایتی رپورٹ محکمہ داخلہ میں جمع کرا دی ہے۔ سپرٹنڈنٹ جیل اعجاز اصغرنے رپورٹ میں کہا ہے کہ صوبائی وزیر جیل خانہ جات نے بغیراطلاع کے رات 3 بج کر 15 منٹ پر جیل کا دورہ کیا اورقوانین کو بالائے طاق رکھتے ہوئے جیل کی سیکیورٹی کو خطرے میں ڈال دیا۔ رپورٹ کے مطابق صوبائی وزیر زوار حسین وڑائچ کے ساتھ سادہ کپڑوں میں ملبوس 6 افراد نے چیک پوسٹ پر تعینات ملازم کے ساتھ ہتک آمیز سلوک کیا۔ صوبائی وزیر اور ان کے گارڈز جیل کا مرکزی دروازہ گیٹ زبردستی کھلوا کر جیل ڈیوڑھی میں داخل ہو گئے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے صوبائی وزیر نے کسی بھی افسراور ملازم کو جیل کے اندرجانے سے منع کر دیا اور پاکستان پریزن رولز 1978 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جیل ڈیوڑھی کی چابیاں دربان سے چھین کرایک مشکوک شخص کے حوالے کر دیں۔
