58

دنیا کو پیغام دینا چاہتاہوں پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،جنرل باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ دنیا کو پیغام دینا چاہتاہوں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے ہم پر جنگ تھوپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،ہمیں جب بھی آزمایا گیا ہم سرخروہوئے ،بالاکوٹ کے ناکام حملے پر ہم نے اینٹ کا جواب پتھر سے دیا۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع پاکستان کے حوالے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 6ستمبر ہماری تاریخ کا لازوال دن ہے،6ستمبر کو بہادری کی لازوال داستانیں رقم ہوئیں،ہم نے کل بھی کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی تھی،ہم آج بھی دشمن کو شکست دینے کیلئے تیار ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ شہدا کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتا ہوں،شہدا کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے،شہدا ہمارے ہیروز ہیں،جو قومیں اپنے ہیروز کو بھولتی ہیں وہ مٹ جایا کرتی ہیں،آپ کے جذبہ ایثار کو سلام پیش کرتا ہوں،یقین دلاتا ہوں ہم آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے ،یہ دن کارگل اور دہشت گردی کےخلاف شہدا کی یاد میں بھی منایا جاتا ہے۔
آرمی چیف نے کہاکہ اعزازات حاصل کرنے والوں کو مبارکباد پیش کرتاہوں ،آپ نے فرض کی ادائیگی کے دوران پیشہ وارانہ معیار کاثبوت دیا،ہم سب کو آپ پر ناز ہے ،آپ کو ملنے والے میڈلز ہم سب کیلئے باعث افتخار ہیں ۔جنرل باجوہ نے کہاکہ ہم نے آزادی حاصل کی جو ہمارے آج او رکل کی پہچان ہے،وطن کی آزادی اور سلامتی ہمارانصب العین ہے،پاک فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو پوری دنیا نے تسلیم کیا،پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے،کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا،پاکستانی قوم کی پاک افواج سے محبت لازوال ہے،قوم کااعتمادغیر متزلزل ہے ،میں قوم کے جذبوں کو سلام کرتا ہوں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں