20

سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس؛ رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت کا حکم

انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت سنادی ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت میں سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کی سماعت ہوئی جس میں رحمان بولا، زبیر چریا، رؤف صدیقی سمیت دیگر ملزم پیش ہوئے۔ عدالت نے کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے رحمان بھولا اور زبیر چریا کو سزائے موت جب کہ رہنما ایم کیو ایم رؤف صدیقی کو بری کردیا۔
انسداد دہشت گردی کی عدالت کی جانب سے سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کا فیصلہ 17 ستمبر کو سنایا جانا تھا تاہم عدالت نے فیصلہ سنائے بغیر سماعت 22 ستمبر تک موخر کردی تھی۔
پس منظر؛
سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں عدالت نے رواں ماہ 2 ستمبر کو فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا تھا جب کہ فروری 2017 میں ایم کیو ایم رہنما رؤف صدیقی، رحمان بھولا، زبیر چریا اور دیگر پر فرد جرم عائد کی گئی تھی، کیس میں ملزمان کے خلاف 400 عینی شاہدین کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔
واضح رہے کہ 11ستمبر 2012 کو بلدیہ فیکٹری آتشزدگی کیس میں 260 افراد جل کر جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ فیکٹری مالکان نے آتشزدگی کا ذمہ دار ایم کیو ایم کو قرار دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں