9

شہر کو خوبصورت،روشن بنانے کی تیاریاں

شہر کو خوبصورت اور روشن بنانے کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ شہر کو خوبصورت بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ نے ایل ڈی اے کو چار ٹاسک سونپ دئیے ،بیوٹیفکیشن پراجیکٹ دو ماہ میں مکمل کیا جائیگا۔شاہراہوں پر شگاف پڑنے اور سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے شہر کی خوبصورتی ماند پڑ رہی ہے ، فٹ پاتھوں کی ٹوٹ پھوٹ سے پیدل چلنے والوں کیلئے مشکلات جبکہ سڑکوں پر لین مارکنگ نہ ہونے سے ٹریفک مینجمنٹ جیسے مسائل رونما ہورہے ہیں۔فٹ پاتھوں پر کرب سٹون تبدیل ہونگے ،مرکزی شاہراہوں پر لین مارکنگ،ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں پر پیچ ورک کا کام کیا جائے گا،انڈر پاسز کی تزئین و آرائش کا کام رواں ماہ شروع کیا جائیگا۔وزیر اعلیٰ نے تعمیراتی کاموں سے متعلق جامع رپورٹ مرتب کرکے جمع کرانے کی ہدایت کی ہے ۔ادھر کمشنر ذوالفقار احمد گھمن نے 3روز میں 20 اہم شاہراہوں کی لائٹس روشن کرنے کا حکم دیدیا۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن نے پہلے مرحلے میں وی وی آئی پی روٹس کی فہرست مرتب کرلی ۔مال روڈ، جیل روڈ، کینال بینک روڈ، انڈرپاسز، فیروزپور روڈ ،مین بلیوارڈگلبرگ ،ایم ایم عالم روڈ، راوی روڈ ،لوئر مال ،شبیر عثمانی روڈ، ظہور الٰہی روڈ، نور جہاں روڈ، مولانا شوکت علی روڈ، جی ٹی روڈ، شالیمار لنک روڈ، بھی فہرست میں شامل ہیں۔ دوسری طرف مسلم ٹاؤن فلائی اوور، کلمہ چوک ، آزادی چوک ، گڑھی شاہو ، ٹھوکر نیاز بیگ ، صدیق ٹریڈ سنٹر چوک اور مغلپورہ فلائی اوور کی لائٹس آپریشنل کرنیکی منصوبہ بندی کی گئی ۔ سٹریٹ لائٹس کی دیکھ بھال کیلئے میٹروپولیٹن اور لیسکو کی جوائنٹ ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں۔چیف آفیسر سید علی عباس نے کہا سٹریٹس لائٹس کوروشن کرنے کی حکمت عملی مرتب کرلی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں