567

ضمنی الیکشن این اے 131 : بظاہر مسلم لیگ ن کے سعد رفیق کا پلڑا بھاری

14اکتوبر کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 131 میں ہونیوالے ضمنی الیکشن میں بظاہر مسلم لیگ ن کے امیدوار خواجہ سعد رفیق کا پلڑا بھاری دکھائی دے رہا ہے تاہم غیر جانبدار حلقوں کے مطابق خواجہ سعد رفیق اور پی ٹی آئی کے امیدوار ہمایوں اختر خان کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے۔ 14اکتوبر کو ہونےوالے ضمنی الیکشن میں لاہور کے دو پرانے سیاسی حریف خواجہ سعد رفیق اور ہمایوں اختر خان این اے 131 میں آمنے سامنے ہوں گے۔ عام انتخابات میں اپنی نشست پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان خواجہ سعد رفیق کے مقابلے میں چند سو ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے تاہم بعد ازاں انہوں نے یہ نشست چھوڑنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ضمنی الیکشن کیلئے تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے وہ اس حلقے سے 2002ءمیں مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں جبکہ 1993ءمیںمسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر انہوں نے این اے 93 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق 2008اور 2013 میں اس حلقے سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے جبکہ 1997ءمیں وہ یہاں سے صوبائی اسمبلی پنجاب کے رکن بھی رہ چکے ہیں۔ 2008ءمیں خواجہ سعد رفیق نے ہمایوں اختر خان کو شکست سے دوچار کیاتھا 2002 میں انہوں نے موجودہ این اے 124 سے قومی اسمبلی کے علاوہ ذیلی حلقے سے صوبائی اسمبلی کا الیکشن بھی جیتا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں