231

طلبا کو نشہ سے محفوظ رکھنے کیلئے باقاعدگی سے ٹیسٹ کرانے کی تجویز

صوبائی حکومت نے طالبعلموں کو نشہ سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے تعلیمی اداروں کو نشہ آور اشیاءسے پاک رکھنے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی جبکہ حکومت نے ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنز میں منشیات کے مکمل انسداد کو یقینی بنانے کیلئے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ یہ بات صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے پنجاب کے کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ آفس میں پرائیویٹ سکولز مالکان کے ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔
اجلاس میں پرائیویٹ سکول مالکان اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاءکے مکمل تدارک کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیاءکی روک تھام کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ صوبائی وزیر مراد راس نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طالبعلموں کو نشے سے محفوظ رکھنے کے لئے ان کی ضروری رہنمائی اور والدین کو آن بورڈ رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اساتذہ اور والدین بچوں کو نشے کی لعنت سے بچاﺅ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ا س حوالے سے سکول کونسلز کا کردار انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ سکولز ایجوکیشن تعلیمی اداروں کی مسلسل مانیٹرنگ کرے گا تاکہ طالبعلموں کو صحت مند ماحول ملے اور وہ کسی نشے کا شکار نہ ہوں۔ اس حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ نشہ کے تدارک کیلئے کمیٹی کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے۔ اجلاس میں سٹوڈنٹس کے بلڈ/یورن ٹیسٹ کی رینڈم چیکنگ کی تجویز بھی زیر غور رہی۔ شرکاءنے سٹوڈنٹس کو کھیلوں سمیت دیگر صحت مند سرگرمیوں میں مصروف کرنے کا فیصلہ بھی کیا۔ اس موقع پر سٹوڈنٹس کی آگاہی اور انہیں نشہ کی لعنت سے محفوظ رکھنے کے لئے محکمہ سکولز ایجوکیشن کی جانب سے ویڈیوز اور کتابچہ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
صوبائی وزیر مراد راس نے نجی تعلیمی اداروں کو نشہ کی لعنت کے حوالے سے آگاہی مہم چلانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نشہ بیچنے والے عناصر معاشرے کا ناسور ہیں، ایسے شرپسند عناصر کی موثر بیخ کنی کی جائے گی اور سٹوڈنٹس کو نشہ آور اشیاءفراہم کرنے والے سہولت کاروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاءی جائے گی۔ صوبائی وزیر مراد راس نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے تعاون سے تعلیمی اداروں سے پانچ سو میٹر ریڈیس میں کوئی پان سگریٹ شاپ یا کھوکھا نہیں رہنے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک صحت مند معاشرے کا قیام عمل میں لائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مل کر نشہ کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہے۔

صوبائی وزیر مراد راس نے نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کو ہدایت کی کہ حکومتی احکامات کی روشنی میں ضروری اقدامات کئے جائیں تاکہ طالبعلموں کو صحت مند ماحول ملے۔

کیٹاگری میں : صحت

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں