120

قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی

قطر نے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی وزیر اعظم عمران خان کی درخواست منظور کرلی عمران خان نے شکریہ ادا کرتے ہوئے قطر کو پاکستان میں 50 لاکھ گھروں کی تعمیر میں سرمایہ کاری کی پیشکش بھی کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا دورہ قطر مکمل ہوگیا ہے اور وزیراعظم کے قطر کے دورے کے حوالے سے اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق وزیر اعظم نے امیر قطر اور امیر قطر کے والد سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، دورے میں وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے، عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور ظہرانہ بھی دیا گیا۔
حکومت پاکستان نے قطری قیادت کو ایک لاکھ پاکستانی افراد کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست کی تھی جس کا مثبت جواب دیتے ہوئے قطرنے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار فراہم کرنے کی درخواست منظور کرلی۔ وزیر اعظم عمران خان نے درخواست قبول کرنے پر قطری قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ قطر نے پاکستانی چاول کی امپورٹ پر پابندی بھی ختم کردی، جبکہ قطری قیادت کی جانب سے بتایا گیا کہ قطر پاکستان میں 2 نئے گیس پاور پلانٹس لگائے گا اور پی آئی اے کی بحالی میں معاونت کرےگا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 2022 میں قطر میں ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ میں پاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کی بھی درخواست کی اور امیرقطر کو دورہ پاکستان کی دعوت دینے کے ساتھ قطری سرمایہ کاروں کو پاکستان میں 50 لاکھ گھروں کے منصوبے، زراعت، پٹرولیم، تعلیم، سیاحت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں