89

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4322 ہوگئی، 63 افراد جاں بحق

ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 4322 ہوگئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 63 تک جاپہنچی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 2737 مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کیئے گئے جن میں سے 248 میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے اس طرح پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 4322 ہو گئی ہے۔
کہاں کتنے مریض ؟
حکام کے مطابق اب تک پنجاب میں 2171،سندھ 1036، بلوچستان 212، خیبر پختونخوا میں 560، آزاد کشمیر28، اسلام آباد میں 102 اور گلگت بلتستان میں 213 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
مزید ہلاکتیں
حکومتی اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 افراد کورونا کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے، اس طرح وطن عزیز میں اس مہلک وائرس سے جاں بحق مریضوں کی تعداد 63 ہوگئی ہے جب کہ 31 کی حالت تشویشناک ہے تاہم 572 افراد اس بیماری کو شکست دینے میں کامیاب بھی ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:
کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔
سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔
پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں