32

ن لیگ ڈیل کیلئے رابطے کی کوشش کررہی :وزیر اطلاعات

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف کا انقلابی پن دوغلا اور کھوکھلا ہے ، نوازشریف کے بیانیے پر (ن) لیگ کے اندر سے مختلف آوازیں اٹھ رہی ہیں، (ن) لیگ والے ڈیل کے چکر میں ہیں اور مسلسل رابطے کرنے کی کوشش کررہے ہیں، (ش) لیگ سمیت (ن) لیگ کے کئی دھڑے بننے جارہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ نوازشریف کے حالیہ بیانیے سے خود ان کی جماعت اضطراب کا شکار ہے ، (ن) لیگ جو تحریک چلانا چاہتی ہے وہ بے بنیاد ہے ، نوازشریف کا مقصد ملک میں بے یقینی اور اضطراب کی کیفیت پیدا کرنا ہے ۔ نیب کیسز کے باعث گھیرا تنگ ہونے سے اپوزیشن حکومت کو بلیک میل کرنا چاہتی ہے ، اسمبلیوں سے استعفوں کی دھمکیاں بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف قانون سازی میں ناکامی کے بعد اب یہ سڑکوں پر آنا چاہتے ہیں، اپوزیشن ارکان استعفیٰ دینگے تو نئے الیکشن کرائیں گے ، پی ٹی آئی دوبارہ اکثریت حاصل کرلے گی، اپوزیشن مختلف حربے استعمال کرکے حکومت گرانا چاہتی ہے ، ناکامی ان کا مقدربنے گی۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے معاشی اعشاریے بہتر ہو رہے ہیں، وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر کے احتساب کیلئے پرعزم ہیں، وزیراعظم کا بدعنوان عناصر کے خلاف عزم ایسے حالات میں مزید مستحکم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کی باتوں میں وزن ہے ، شریف خاندان میں بھی اس وقت چپقلش چل رہی ہے ۔بطور مجرم اور اشتہاری نوازشریف کو سیاست پر بھاشن زیب نہیں دیتا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں