115

پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیری اپنی ہمت، جرأت، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ 5 فروری حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کے غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ اس موقع پر حکومت پاکستان اور اس کے عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں اور بالعموم دنیا بھر پر واضح کرتے ہیں کہ ہم جموں و کشمیر کے طویل عرصہ سے حل طلب تنازعہ اور بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کو نہیں بھولے۔
وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 7 دہائیاں گزر نے کے باوجود جموں و کشمیر کا تنازعہ حل نہیں ہوسکا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہوں کے قتل عام، بچوں پر پیلٹ فائرنگ، آبروریزی و تشّدد سمیت بھارتی مظالم جاری و ساری ہیں اور کشمیری اپنی ہمت، جرأت، بہادری سے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔ بھارتی افواج سفاکانہ طریقے سے ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کو بے رحمانہ تشدد، غیر قانونی حراست کے دوران قتل کررہی ہیں۔ ہر سال 5 فروری کو منایا جانے والا “یوم یکجہتی کشمیر” کشمیریوں کے بھارتی تسلط کے خلاف اور حق خود ارادیت کیلئے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے، یہ ارادہ ہر گزرنے والے دن اور ہر ڈھائے جانے والے بھارتی ظلم کے ساتھ تقویت پکڑتا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں