134

پاکستان اور چین کے درمیان 15 معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

وزیراعظم عمران خان نے دورہ چین کے دوران چینی ہم منصب لی کی کیانگ سے ملاقات کی ہے۔
چین کے شہر بیجنگ میں وزیراعظم عمران خان اور چین کے وزیراعظم لی کی کیانگ کے درمیان ملاقات ہوئی۔ جس میں وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے، پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم عمران خان نے کی۔ پاکستانی وفد میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرخزانہ اسدعمر، خسرو بختیار، شیخ رشید اور علی زیدی بھی مذاکرات میں شریک تھے۔ مذاکرات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور اور سی پیک سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے بعد دو طرفہ تعاون کے 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں زراعت، اقتصادی و تکنیکی تعاون، ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی سائنس اکیڈمی، اسلام آباد اور بیجنگ پولیس کے درمیان تعاون اور چین کی اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے درمیان معاہدوں کے علاوہ پاکستان سےغربت کے خاتمے کے لئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، دونوں ملکوں میں زراعت اور اقتصادی و تکنیکی تعاون کے معاہدے بھی شامل ہیں۔
چینی وزیر اعظم سے باضابطہ ملاقات سے قبل وزیراعظم عمران خان کے اعزازمیں عظیم عوامی ہال میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد ہوا، گریٹ ہال میں آمد پرچینی وزیراعظم نے عمران خان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بجائے گئے ، وزیراعظم کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے عوامی ہیروز کی یادگار پرپھول بھی چڑھائے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی آج چین کے سرمایہ کاروں اورکمپنیوں کے سربراہوں سے ملاقات بھی طے ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں