47

پولیس اہلکار بن کر تلاشی کے بہانے شہریوں کو لوٹنے والے 2 ڈاکو گرفتار

فیروز آباد پولیس نے کوریئر کمپنی کے دفتر سے لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
ٹیپو سلطان پولیس نے شارع فیصل پر پولیس کی وردی پہن کر شہریوں کو لوٹنے والے 2 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا، لیڈی ایس ایچ او شرافت خان بتایا کہ گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت عمیر اور شہروز کے نام سے ہوئی ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ اور پولیس کی وردیاں برآمد ہوئی ہیں ، گرفتار ڈاکو تلاشی کے بہانے شہریوں سے لوٹ مار کرتے تھے۔
انھوں نے مزید بتایا کہ پولیس واردات کے دوران ڈاکوؤں کے پاس موجود واکی ٹاکی کی برآمدگی کے لیے کوششیں کر رہی ہے جبکہ گرفتار ڈکیت بلوچ کالونی پولیس کو بھی مطلوب ہیں۔
ایس ایچ او فیروز آباد انسپکٹر اورنگزیب خٹک نے بتایا کہ دوران گشت اطلاع ملی تھی کہ ہل پارک کے قریب ڈاکو لوٹ مار کے بعد فرار ہوئے ہیں جس پر انھوں نے پولیس پارٹی کے ہمراہ ان کا تعاقب کیا اور کچھ فاصلے پر پہنچ کر ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی تو انھوں نے فائرنگ شروع کر دی تاہم پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو زخمی ہوگیا جسے پولیس نے گرفتار کرلیا۔
انھوں نے بتایا کہ ڈاکو کی شناخت رفاقت ملک کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کا ساتھی شعیب موقع سے فرار ہوگیا جبکہ ڈاکوؤں نے کوریئر کمپنی کے دفتر سے 10 ہزار روپے لوٹی تھی جو پولیس نے برآمد کرلی جبکہ اسلحہ اور موٹر سائیکل بھی پولیس نے قبضے میں لے لی ہے۔
نیو کراچی کے علاقے نالا اسٹاپ کے قریب لوٹ مار کے بعد فرار ہونے والے ایک ڈاکو کو علاقہ مکینوں نے تعاقب کے بعد پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا کر زخمی کر دیا اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور پکڑے جانے والے ڈاکو 24 سالہ رمضان کو گرفتار کر کے چھینی ہوئی موٹر سائیکل برآمد کرلی جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں