75

چیلوں کی بڑھتی تعداد چھوٹے پرندوں کیلئے بڑا خطرہ

ہرطرف منڈلانے والی چیلیں چھوٹے پرندوں کے لیے بڑا خطرہ بن گئیں۔ بتایا گیا ہے لاہور میں چیلوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث چھوٹے پرندوں کیلئے صورت حال خراب ہوتی چلی جارہی ہے ۔ اِن کی تعداد میں اضافے کی بڑی وجہ یہ بھی بیان کی جاتی ہے کہ ایک تو شہر میں پیدا ہونیوالے سالڈ ویسٹ کی مقدار میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث چیلوں کو اپنی خوراک کی تلاش میں زیادہ محنت نہیں کرنا پڑتی۔ دوسری طرف شہر کے مختلف مقامات پر فروخت ہونے والے چیل گوشت کی وجہ سے بھی بڑے پرندے لاہور کا رخ کررہے ہیں۔پنجاب کے اعزازی گیم وارڈن بدرمنیر نے روزنامہ دنیا کو بتایا پرندے بھی اس جگہ کا رخ کرتے ہیں جہاں اُنہیں خوراک آسانی سے دستیاب ہوتی ہے ،گزشتہ چند برسوں سے لاہور میں چیلوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے باعث، بلبل، طوطے ، لالیاں اور مینا وغیرہ یہاں سے تقریباً غائب ہوچکی ہیں کیونکہ یہ انہیں گھونسلے نہیں بنانے دیتیں۔ واضح رہے چیل گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف اکثر کارروائیوں کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے لیکن مکمل سدباب نہیں کیا جاسکا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں