245

ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن لاہور کے انتخابات کا شیڈول جاری

ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن کے 15دسمبر 2018ءکو منعقد ہونے والے انتخابات کیلئے الیکشن کمیٹی نے باقاعدہ طور پر شیڈول جاری کردیا ہے۔ کاغذات نامزدگی کے حصول کیلئے الیکشن کمیٹی کے آفس 48 گراﺅنڈ فلور ڈیفنس کمرشل پلازہ وائے بلاک فیز تھری سے امیدوار رابطہ کر سکتے ہیں جبکہ 17 نومبر تک مبلغ 2ہزار روپے فیس کے ہمراہ کاغذات نامزدگی جمع کروائے جائیں گے۔19 نومبر کو سہ پہر 3 بجے تک تحریری طور پر اعتراضات داخل دفتر کروائے جاسکتے ہیں۔ ان اعتراضات پر حتمی فیصلہ 20 نومبر کی شام تک کردیا جائے گا جبکہ 22 نومبر کو امیدواران کاغذات واپس لینے کے مجاز ہونگے۔ امیدواران کی حتمی لسٹ 23 نومبر کو آویزاں کی جائے گی جبکہ الیکشن کمپین 13 دسمبر کو رات 12 بجے تک جاری رکھی جاسکتی ہے 15 دسمبر کو صبح 9بجے پولنگ شروع کی جائے گی اور سہ پہر 3 بجے تک بغیر کسی وقفہ کے پولنگ کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔ ہر امیدوار کا ایک پولنگ ایجنٹ پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود ہوگا اور ووٹوں کی گنتی کے دوران بھی پولنگ ایجنٹ اپنے امیدوار کی نمائندگی کرے گا ووٹ ڈالنے کیلئے آنے والے ممبران کو پولنگ اسٹیشن کے اندر موبائل فون ساتھ لانے کی اجازت نہ ہوگی ووٹوں کی گنتی کے دوران بھی کسی کے پاس موبائل فون نہیں ہوگا۔ 15 دسمبر کی رات کو گنتی کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتیجے کا اعلان کردیا جائے گا۔ الیکشن ٹائی ہونے کی صورت میں ٹاس پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا امیدواران اس سلسلے میں کسی بھی عدالت میں جانے کا مجاز نہیں ہوگا الیکشن کمیٹی کے فیصلے کو ہی آخری اور حتمی تصور کیا جائے گا۔ کل 9عہدوں کیلئے انتخابات کا ون ٹو ون انعقاد ہوگا۔ جن میں صدر‘ سینئر نائب صدر‘ نائب صدر اول‘ نائب صدر دوم‘ نائب صدر سوئم‘ جنرل سیکرٹری ‘ جوائنٹ سیکرٹری‘ فنانس سیکرٹری اور سیکرٹری انفارمیشن کے عہدے شامل ہیں۔ ان انتخابات میں صرف رجسٹرڈ ڈیلرز ہی ووٹ ڈالنے کے مجاز ہونگے نیز واجبات 17 نومبر تک جمع کروانے والے ایجنٹس بھی ووٹ ڈال سکیں گے۔ 7 دسمبر 2018ءتک رجسٹریشن حاصل کرنے والے رئیل ایجنٹس بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکتے ہیں۔ الیکشن کمیٹی کے چیئرمین راشد احمد خان نے میڈیا کو بتایا کہ ہر آفس سے ایک ووٹ کاسٹ کیا جائے گا پوسٹل بیلٹ کا استعمال نہیں ہو پائے گا نیز قبل از وقت ڈالنے کی بھی ممانعت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں