271

کا روبار سے منافع کمانا بری بات نہیں، منافع سے لوگوں کو غربت سے نکالنے میں مدد ملتی ہے: عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ کا روبار سے منافع کمانا بری بات نہیں، منافع سے لوگوں کو غربت سے نکالنے میں مدد ملتی ہے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ترکی کے فارن اکنامک ریلیشن بورڈ کے ترکی پاکستان بزنس کونسل کے وفد سے ملاقات کی اور سرمایہ کاری سے متعلق پاکستانی حکومت کی پالیسیوں سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہم سرمایہ کاروں کو تحفظ دینا چاہتے ہیں اور سرمایہ کاری کے لیے ہم انہیں سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو غربت سے نکالنا ان کی حکومت کی ترجیح ہے، کرپشن کی وجہ سے ملک وہ سب کچھ حاصل نہیں کر پاتا جس کا عزم کیا ہو۔وزیر اعظم کا کہنا تھا 1960 میں پاکستان کی معیشت ایشیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت تھی لیکن 1960 کے بعد منافع کمانے کو برا سمجھا جانے لگا، جس سے معیشت کو نقصان پہنچا۔
عمران خان نے کہا کہ 60 کی دہائی میں پاکستان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے لیے ایک رول ماڈل تھا، تاہم نیشنلائزیشن کی پالیسی نے معیشت کو شدید نقصان پہنچایا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ کاروبار سے منافع کمانا بری بات نہیں، منافع سے لوگوں کو غربت سے نکالنے میں مدد ملتی ہے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے پہلے 2 روزہ سرکاری دورے پر ترکی میں ہیں، جہاں ان کے ہمراہ ان کی اقتصادی ٹیم بھی موجود ہے۔اس دورے کے دوران انہوں نے ترکی کے سرمایہ کاروں سے بھی ملاقات کی تھی جبکہ اپنے دورے کے دوران وہ ترک صدر رجب طیب اردوان سے بھی ملاقات کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں