54

گھاس،پودےمرجھا گئے:شہر کے داخلی راستے ایل ڈی اے سٹی گول چکر کا حسن تباہ

ایل ڈی اے اور پی ایچ اے انتظامیہ کی مبینہ عدم توجہی نے شہر کے مرکزی داخلی راستے کو بدنما بنا دیا، دیکھ بھال نہ ہونے سے فیروز پور روڈ پر ایل ڈی اے سٹی گول چکر پر گھاس، پودے اور درخت مرجھاگئے ، کھجور کے بعض درخت بھی گر گئے ،نشاندہی پر انتظامیہ نے گول چکر کو خوبصورت بنانے کی یقین دہانی کرادی۔ تفصیل کے مطابق اداروں کی مبینہ چپقلش سے فیروز پور روڈ پر ایل ڈی اے سٹی گول چکر کی حالت زار ہوگئی، چار سال قبل گول چکر تعمیر کیا گیا جسے خوبصورت بنانے کیلئے 2کروڑ کی لاگت سے شجرکاری کی گئی، کھجور کے درخت ، آسٹریلوی گھاس اور پھول دار پودے منصوبے کا حصہ تھے مگر گول چکر کو خوبصورت بنانے کے بعد کسی ادارے نے اس کی ذمہ داری نہ لی۔دیکھ بھال نہ ہونے سے پودے مرجھا کرجھاڑیاں بن گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گول چکر پر لگی لائٹس خراب اور پول زنگ آلود ہوگئے ،گول چکر پر کوڑا کرکٹ بھی جمع ہے۔ علاقہ مکینوں کی طرف سے وزیر اعظم پورٹل پر شکایت کرنے پر بھی داد رسی نہ ہوسکی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایچ اے زاہد اقبال نے بتایا یہ علاقہ پی ایچ اے کی حدود میں نہیں ہے ۔دوسری جانب ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے روزنامہ دنیا کی نشاندہی پر نوٹس لیتے ہوئے شعبہ انجینئرنگ سے تفصیلات طلب کر لیں۔ان کا کہنا ہے ایل ڈی اے سٹی گول چکر کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے گا، بحالی کے بعد پی ایچ اے کو اس کی دیکھ بھال کی درخواست کریں گے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں