250

آج ملک بھر میں یوم دفاع و شہدا بھرپور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

یوم دفاع و شہداءآج ملک بھر میں جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں مختلف تقریبات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔یوم دفاع و شہداءکا آغاز نمازِ فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی و ترقی کےلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔
یومِ دفاع کے سلسلے میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقریب ہوئی، جہاں پاکستان ایئرفورس اصغر خان اکیڈمی کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز فرائض سنبھال لیے، جن میں 5 لیڈی کیڈٹس بھی شامل ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل ندیم صابر تھے، جنہوں نے پرچم کشائی کی، مزار پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانہ کی۔
یوم دفاع و شہدا کے موقع پر نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں بھی پر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس کے دوران سربراہ پاک بحریہ کا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔وائس چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل کلیم شوکت تقریب کے مہمان خصوصی تھے، جنہوں نے یادگار شہداءپر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ایڈمرل کلیم شوکت کا اس موقع پر کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں حوصلے اور ثابت قدمی کی یاد دلاتاہے، جب پاکستانی قوم نے 1965 کی جنگ میں اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کا مقابلہ کیا۔
یوم دفاع و شہداءکے سلسلے میں مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوگی، جس میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے میں افواج پاکستان کی جرأت کوسراہتے ہوئے کہا کہ افواجِ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم اپنے ہمسایوں سمیت پوری دنیا سے برابری کی بنیاد پر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ساتھ ہی انہوں نے شہداءاور غازیوں کو بھی سلام عقیدت پیش کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی یوم دفاع و شہدا کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے حوالے سے خصوصی پرومو جاری کیا، جس میں آرمی چیف شہداءکے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کرتے نظر آئے۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیغام دیا کہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے شہدائے پاکستان اور ان کے لواحقین کو بھی سلام پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے دوسرے پرومو میں شہداءجدوجہدِ آزادی کشمیر کو سلام پیش کیا گیا ہے۔اس پرومو میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غاصب فوج کے سامنے کشمیریوں کے پاکستان سے والہانہ محبت کے اظہار کو دکھایا گیا ہے جبکہ کشمیری شہداءاور حریت کمانڈر شہید برہان وانی بھی اس پرومو کا حصہ ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے یوم دفاع کی جانب سے خصوصی نغمہ بھی جاری کیا گیا ہے۔نغمے میں پاک فوج کے شہدا اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں